ایمان وعمل صالح اور محاسبہ نفس داعش ودہشت گردی کی بیخ کنی کا مجرب نسخہ ہیمولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے زیراہتمام گیارہویں آل انڈیا ریفریشر کو رس کے اختتامی اجلاس میں صوبائی جمعیات اہل حدیث اور دینی وملی تنظیموں کے ذمہ داران کا اظہار خیال۔ پورے ملک سے آئے ہوئے ائمہ ودعاۃ ومعلمین کوتوصیفی اسناد وغیرہ سے نوازا گیا

دہلی:۲۰نومبر۲۰۱۷ء بروز ہفتہ
ایمان وعمل صالح ، محاسبہ نفس ، جذبہ خیر سگالی وقومی یکجہتی اور انسانی ہمدردی داعش و دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مجرب نسخہ ہے۔ اس کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرور ت ہے۔ ائمہ و معلمین اس سلسلہ میں موثر کردار ادا کررہے ہیں۔مگر بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور داعش جیسے نت نئے پیدا ہورہے فتنوں کے خاتمے اور تعاقب کے لیے ائمہ ودعاۃ اور معلمین کا مزید ٹرینڈ اور مدرب ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔ موصوف گذشتہ شام اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا، نئی دہلی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام آٹھ روزہ گیارہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ دعاۃ و معلمین کے اختتامی اجلاس میں صدارتی خطاب فرما رہے تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں موقر اراکین مجلس عاملہ، ذمہ داران صوبائی جمعیات اہل حدیث، ملی وسماجی قائدین نیز شرکاء دورہ تدریبیہ کواس میں شرکت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے شکریہ کے ساتھ ساتھ ان تمام جہات اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ریفریشر کورس میں شرکت کے لیے اپنے یہاں سے ائمہ ، دعاۃ اور معلمین ارسال کئے نیز انہوں نے دعوت واصلاح اور تعلیم وتربیت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ یہ انبیاء کرام کا اسوہ ہے اور انعمت علیھمکا جو اعزاز انہیں حاصل ہواہے وہ اس وجہ سے ہے کہ انہوں نے انسانیت اور خلق الہٰی کی فوز وفلاح، خیر خواہی اور ان کے امن وسکون کی راہ میں تمام تر مشکلات ومصائب برداشت کرنے کے بعداس کا صلہ اللہ سے ملنے کا سرعام اعلان کیا۔ لہٰذا معاشرہ وملک اور اللہ کی زمین سے فساد و بگاڑ اور ظلم ودہشت گردی کو مٹانے اور امن وآشتی اور اصلاح و سدھار کی راہ میںپیش آنے والے مصائب ومشکلات سے گھبرانے کی بجائے ہمت واستقلال کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اللہ جل شانہ سے اس پر انعام کا ایمان ویقین ہونا چاہیے۔یہ کام بہت ہی عظیم الشان ، ضروری اور وقت کا تقاضہ ہے اسی لیے مرکزی جمعیت نے اس کا بیڑااٹھایاہے اور بڑی ہی پابندی کے ساتھ اس کا ہر سال انعقاد کرتی ہے۔


امیرمحترم نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ اس دور میںقوم وملت کو سب سے زیادہ تجربہ کار ، معاملہ فہم اور ہر میدان کے لیے رجال کار کی اہمیت و ضرورت ہے ۔ بحیثیت خیر امت ہمارا فرض ہے کہ ہم ملک وملت، امت، جماعت اور انسانیت کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو شدت سے محسوس کریں اور اس کو ادا کرنے کی بھر پور کوشش کریں۔ اس سے تمام طرح کی نفرت و عداوت اور دہشت گردی و داعش وخوارج کا فتنہ ختم ہوسکتا ہے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانامحمدہارون سنابلی نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں مہمانان گرامی کا استقبال کیا اور شرکاء دورہ تدریبیہ کو اس عظیم الشان پروگرام میں شرکت پر مبارکباد پیش کی۔ نیز کہا کہ دعوت ہمارا مشن اور نصب العین ہے۔یہ ریفریشر کورس مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی طویل اور سنہری سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے ۔جسے ہم پندرہ سالوں سے مسلسل پوری عمدگی کے ساتھ جوڑتے اور پھیلاتے آرہے ہیں اور قائد ملک وملت و جماعت اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کی قیادت میں یہ سب ہوتا چلا آرہا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ یہ کارواں اپنی منزل کی جانب گامزن رہے اور اس کی مساعی جمیلہ کو شرف قبولیت بخشے۔ انسانیت نواز اسلامی تعلیمات کی نشرواشاعت ،ملک ،قوم،ملت وانسانیت کی خدمت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کو بحسن وخوبی انجام دینے کے لیے ہمیں ہمہ وقت آمادہ اور اس راستے میں پیش آنے والے مصائب ومشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کے لیے تیار رہناچاہیے۔ آپ ائمہ ومعلمین پر تاثیر معلومات ، محاضرے و مذاکرے اور تاثرات سے جس قدر متاثر ہوئے ، اسے آپ عملی زندگی میں مزید بھر پور طور پر ادا کریں گے۔
اتراکھنڈ میںمدرسہ بورڈ کے چیرمین حضرت مولانازاہد رضا رضوی نے پروگرام میں شرکت کو اپنے لیے باعث سعادت بتاتے ہوئے گیارہ سالوں سے دورۂ تدریبیہ کے مسلسل انعقاد پر مرکزی جمعیت کے ذمہ داران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اورکہاکہ مرکزی جمعیت نے یہ پروگرام منعقد کرکے پیغام دیاہے کہ علم کی کوئی حد نہیں تبھی تو طلبہ کے معلمین کی ٹریننگ کے لیے یہ قابل تحسین ولائق ستائش پروگرام منعقد کیاگیاہے۔اسلام میں حصول علم کی جتنی تاکیدکی گئی ہے اتنی تاکید کسی بھی مذہب میںنہیں ہے۔
ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرمنظورعالم نے اس پروگرام کے مسلسل انعقاد پر مرکزی جمعیت بالخصوص امیرمحترم ودیگر ذمہ داران وشرکاء کا شکریہ اداکیا اوردل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اورکہاکہ زمانہ تغیرپذیرہی، حالات وظروف کی مناسبت سے دعوت کے اسلوب وطریقۂ کارمیں تبدیلی ناگزیرہے۔اس میدان میں کام کرنے والوں کو زمانے کے مزاج کے پیش نظر بدلناچاہیے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیرمولانا سید جلال الدین عمری نے فرمایاکہ یہ دورہ تدریبیہ بہت ہی مفیداور دور رس نتائج کا حامل ہے۔ اس کے انعقاد پر میں ذمہ داران بالخصوص امیرجمعیت حضرت مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہوں ۔اس پروگرام سے صحیح اسلام کی تفہیم کی راہ ہموار ہوگی۔ہمیں قرآن کے اساسی نظریات کی جانب توجہ دینی چاہیے۔عبادت الہی،تقویٰ اوراطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کی اہم بنیادیں ہیں۔


شاہ ولی اللہ انسٹیٹیوٹ کے صدرمولاناعطاء الرحمن قاسمی نے اس اہم پروگرام میں شرکت پر اپنی بے پناہ خوشی ومسرت کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران جمعیت کو اس پہل اور اسے مسلسل انعقاد پر مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ہمیں چاہیے کہ ہم عائلی نظام کی بھی اصلاح کی کوشش کر یں جو ہماری بیشترمشکلات کی وجہ ہے۔اور دار القضاء کے قضات کو بھی ٹرینڈ کرنا پر زور دیا۔
انجمن منہاج رسول دہلی کے صدرمولانااطہرحسین دہلوی نے سب سے پہلے اس عظیم الشان دورہ تدریبیہ کے انعقاد پر مرکزی جمعیت کے ذمہ داران خاص طور پر امیرمحترم مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کو مبارکباد پیش کی اور اس پروگرام کو بے حد مفید اوردور رس اثرات کا حامل قرار دیا۔انہوں نے دورہ کے شرکاء کوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ متکلم کے لہجہ واسلوب کامخاطب پراثر انداز ہونے میں بڑادخل ہے۔اسے سامعین کے مزاج کو پہچانتے ہوئے اپنی بات پیش کرنی چاہیے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے متعدد واقعات بیان فرمائے۔
جمعیۃ علماء ہندکے نمائندہ مفتی عبدالقدیر قاسمی نے صدر جمعیۃ مولاناارشدمدنی کاپیغام سناتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتہ سے جاری اس پروگرام کے انعقاد پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیںمیں اس پروگرام کے لیے اپنی نیک خواہشات پیش کرتاہوں اورتوقع کرتاہوں کہ اس کے بہترین نتائج برآمدہوں گے۔
کلیہ عائشہ صدیقہ للبنات،جوگابائی کے استاذ مولاناابوالمکارم ازہری نے ذمہ داران جمعیت کا اس پروگرام کے انعقاد پر شکریہ اداکیااور کہاکہ مسلسل گیارہ سالوں سے اس پروگرام کا انعقاد قابل مبارکبادہے۔انہوں نے شرکاء دورہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ حضرات نے یہاں جو استفادہ کیاہے اسے دوسروں تک پہنچائیں اس سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے مفتی شیخ جمیل احمدمدنی نے خطاب میں دورہ کے انعقاد پر مرکزی جمعیت کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور مسلسل انعقاد پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ایمان،عمل صالح، تواصی بالحق اور تواصی بالصبر دعوت کے میدان میں کام کرنے والوں کے لیے ایک نسخۂ کیمیاء ہے لہٰذا اسے ہمیشہ حرزجان بناناچاہیے۔
کنوینرریفریشرکورس ڈاکٹر محمدشیث ادریس تیمی نے تمام مہمانوں اورشرکاء کورس کو خوش آمدید کہتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکی متنوع دینی، دعوتی، تعلیمی وتربیتی،قومی وملی اورانسانی خدمات کے مبارک تسلسل کا تذکرہ کیااورکہاکہ یہ ریفریشرکورس جس کا آغاز ۱۲نومبرکوہواتھا اسی مبارک تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ اس کے لیے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمولانااصغرعلی امام مہدی سلفی ودیگرذمہ داران شکریے اورمبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے دورہ تدریبیہ کی تفصیلات بھی بتائیں۔
شرکاء دورہ تدریبیہ کے نمائندہ حافظ محمدافروز امام و معلم تلنگانہ نے کہاکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندنوع بنوع خدمات پیش کررہی ہے اور یہ عظیم الشان کورس اس کی خدمات کی اہم کڑی ہے۔جملہ شرکاء کو اس سے بحسن وخوبی استفادہ کا موقعہ ملا اوران کے لیے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی گئیں جس کے لیے مرکزی جمعیت شکریے کی مستحق ہے اورذمہ داران جمعیت قابل مبارکباد ہیں۔ اہمیت و تاثیر سے بھر پور اس آٹھ روزہ دورہ میں اگر ہم شریک نہ ہوئے ہوتے تو اس کا زندگی بھر افسوس رہتا۔
اس اختتامی اجلاس میں صوبائی جمعیات اہل حدیث کے ذمہ داران نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے دورہ تدریبیہ کے انعقاد پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ اداکیا اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ان میں مولاناخورشیدعالم مدنی نائب امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار،ڈاکٹر سعیداحمدفیضی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر، مولاناعبدالرحیم مکی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث تلنگانہ، مولاناطہ سعیدخالد مدنی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث اڈیشہ،حافظ محمدطاہرمدنی (سعودی عرب)ڈاکٹر محمدعیسیٰ انیس جامعی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث ہریانہ،مولانامحمدعلی مدنی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار،ڈاکٹرعبدالدیان انصاری امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث پنجاب، مولاناعبدالستار سلفی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی، مولانا عبدالقدوس عمری امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث مدھیہ پردیش،مولاناریاض احمدسلفی شیخ الجامعہ جامعہ ابو ہریرہ الاسلامیہ لال گوپال گنج الہ آباد، مولاناعبدالعلیم عمری ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث تامل ناڈو وپانڈیچری، مولانامنظراحسن سلفی(ممبئی)، مولاناعبدالغنی عمری ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث آندھراپردیش، حافظ محمدعبدالقیوم ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث تلنگانہ ونائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند، حافظ کلیم اللہ سلفی نائب ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی کے علاوہ بہت سے معززین نے اپنے تاثرات بیان کیی، وقت کی تنگ دامانی کی وجہ سے بہت سے معززین سے معذرت کی گئی۔
اس اہم اجلاس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے مؤقر اراکین مجلس عاملہ وذمہ داران صوبائی جمعیات نے بطورخاص شرکت کی۔اس موقعہ پر دہلی واطراف سے معزز شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تمام شرکاء کو امیر محترم و ناظم عمومی اور ان کے نائبین، ناظم مالیات اورمعزز مہمانوں کے ہاتھوں توصیفی اسناد اور دیگرانعامات سے نواز اگیا۔
پروگرام کا آغاز شریک دورہ حافظ سمیراحمد امام ومعلم جموں و کشمیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوااور اخیرمیں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز نے تمام معززمہمانوں ، شرکاء دورہ اور دیگرحاضرین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکیا اور توقع ظاہر کی کہ اس عظیم الشان پروگرام سے انہوں نے اکتساب فیض کیا ہے اس سے قوم وملت کو فائدہ پہنچائیں گے

Spread the love