نیپال میں آئے زلزلہ سے تباہی پر اظہا ر رنج وغم

نیپال میں آئے زلزلہ سے تباہی پر اظہا ر رنج وغم

دہلی:۴؍نومبر۲۰۲۳ء، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اپنی ایک پریس ریلیزمیں گزشتہ شب نیپال میں آئے زلزلے سے ہوئے جان ومال کے اتلاف پر شدید رنج وغم کا اظہار کیاہے۔ پریس ریلیز میں مہلوکین کے پسماندگان نیزمتاثرین سے اظہار ہمدردی کیا گیا ہے اورعوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ ان مشکل حالات میں وہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور بلاتفریق مذہب وملت جوبھی صورت بن سکتی ہے متاثرین کی خاطر خواہ امداد کریں۔ علاوہ ازیںملکی و عالمی امداد رساں ایجنسیوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی مناسب امداد کے انتظامات کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت روئے زمین خاص طورسے مشرق وسطیٰ میں جس طرح ظلم وزیادتی اور ناحق خون بہانے کا سلسلہ جاری ہے یہ بذات خود ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس نے پوری انسانیت کے ضمیر کوجھنجھوڑکررکھ دیا ہے اور امن وشانتی کے قیام پریقین رکھنے والوں کو بے چین کردیاہے۔اسی طرح پڑوسی ملک نیپال میں آئے اندوہناک زلزلہ نے انسانیت کو ایک اور آزمائش میں مبتلا کردیا ہے یہ ہم لوگوں کے لئے انتہائی رنج وغم کا باعث ہے۔ قدرتی آفات ہوں یا انسان کی طرف سے پیدا کردہ آفت وبحران دنیا ئے انسانیت کو ہر طرح کے بحران وآفت کامل جل کر حل نکالنا چاہیے اور ہرکمزورکی مددکرنی چاہیے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ زلزلہ کی آمدسے بڑے پیمانے پر جان ومال کی تباہی قدرتی نظام کا حصہ ہے۔ اس قسم کے حادثات سے انسان کو عبرت حاصل کرنی چاہئے اور رب ذوالجلال کے حضوراپنے گناہوں سے توبہ واستغفارکرناچا ہئے۔

Spread the love