جامعۃ الفلاح اور جامعۃ المفلحات حیدر آباد ، تلنگانہ کے صدر محسن و مخیر جماعت جناب محمد بن شریف یمانی صاحب کے جواں سال چھوٹے داماد کے انتقال پر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کا تعزیتی پیغام

جامعۃ الفلاح اور جامعۃ المفلحات حیدر آباد ، تلنگانہ کے صدر محسن و مخیر جماعت جناب محمد بن شریف یمانی صاحب کے جواں سال چھوٹے داماد کے انتقال پر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کا تعزیتی پیغام

دہلی: ۳؍اگست ۲۰۲۳ء
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے جامعۃ الفلاح اور جامعۃ المفلحات حیدر آباد ، تلنگانہ کے صدر محسن و مخیر جماعت جناب محمد بن شریف یمانی صاحب کے چھوٹے داماد اور جامعۃ الفلاح اور جامعۃ المفلحات حیدرآباد کے اکائونٹنٹ جناب ناصر بن حسین شرعابی صاحب کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی موت کو جماعت وملت کا خسارہ قرار دیا ہے۔
امیر محترم نے کہا کہ مرحوم ناصر بن حسین شرعابی صاحب نہایت خلیق وملنسار، پابند صوم وصلاۃ، شریف و سنجیدہ ، کم گو و خوش مزاج اور ہردلعزیز تھے ۔ سماجی اور رفاہی کاموں سے دلچسپی رکھتے تھے۔ حیدر آباد کے سفر میں جب بھی ملاقات ہوتی تھی وہ بڑی محبت، احترام اور خندہ پیشانی سے ملتے تھے۔ میرے مخلص وعزیز بھائی ومیزبان محمد یمانی صاحب جوطبعا بڑے مہمان نواز واقع ہوئے ہیںکے گھر کے بغل میں ہی ان کا اور ان کے ہم زلف کا مکان ہے،جب یمانی صاحب کے یہاں مہمانوں کی کثرت ہوتی تو ان کے گھروں میں بھی کئی کئی دنوں تک قیام ہوتا تھا جس سے وہ بہت خوش ہوتے تھے۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے علیل تھے اور سر میں شدید درد تھا۔ کافی علاج ومعالجہ کے باوجود افاقہ نہیں ہوا اور کل دوپہر بعمر۴۲ سال داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کے جنازے کی نماز کل ہی بعد نماز عشاء مسجد شریفین،صلالہ بارکس ،حیدراآباد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو لڑکے، ایک لڑکی، والدہ اور دو بھائی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، بشری لغزشوںسے درگزر فرمائے، دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو شرف قبولیت بخشے، جنت الفردوس کا مکین بنائے، بھائی محمد بن شریف الیمانی اور ان کی چھوٹی صاحبزادی سمیت جملہ پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے۔ آمین

Spread the love