مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام عظیم الشان چونتیسویں آل انڈیااہل حدیث کانفرنس”قیامِ امنِ عالم وتحفظ انسانیت“ کے عنوان پرپورے جوش وخروش اورتزک واحتشام کے ساتھ دہلی میں9-10مارچ کو

دہلی: 11جنوری2018

 مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکی پریس ریلیزکے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی چونتیسویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس دہلی کے رام لیلامیدان،نئی دہلی میں بروز جمعہ وسنیچربتاریخ 9-10مارچ 2018ء”قیام امن عالم وتحفظ انسانیت“ کے عنوان پر منعقد ہوگی ۔ اسلام کے پیغام امن وانسانیت کو جاننے اورعام کرنے، دہشت گردی، داعش ودیگر دہشت گرد تنظیموںکی سنگینی اورسازشوں کو سمجھنے، اور ان کے خلاف بیداری پیداکرنے،اسلامی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میںیہ کانفرنس ممد ومعاون ثابت ہوگی۔علاوہ ازیں شراب نوشی ودیگرمنشیات کا استعمال ،جہیزجیسی سماجی برائیاں، جوا، رشوت، جہالت وبھکمری معاشرے کے لیے چیلنچ بنی ہوئی ہیں۔ عصرحاضرمیں آلودگی اوراس کے نتیجہ میں بڑھتے ہوئے درجہ


¿ حرارت اورپانی کی قلت کے خدشات کے مسائل بھی کم فکرمندی کے حامل نہیں،ان سے پوری انسانیت مضطرب اور دنیاکی ساری مخلوق اس کی خطرناکیوں کے نرغے میںہے ۔ ملک وملت وانسانیت کو درپیش مذکورہ مسائل ومشکلات کا حل پیش کرنے اور ان کے سلسلے میںعوامی بیداری لانے کے لیے کانفرنس میں نوع بنوع پروگرام منعقد ہوں گے۔ کانفرنس میں ملک وبیرون ملک کے مشاہیر علماءکرام،ودانشوران ملک وملت نیزدینی وسماجی اہم شخصیات شریک ہوں گی جن کے مذکورہ موضوعات و مسائل پر چشم کشا،بصیرت آمیز اورایمان افروز خطابات ،تقاریر، مقالات اورمنظوم کلام سے شرکاءکانفرنس محظوظ ومستفید ہوں گے۔توقع ہے کہ کانفرنس میں ملک کے کونے کونے سے بلاامتیاز مسلک ومشرب خاص وعام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے اوراپنی دینی حمیت،اسلامی اخوت اورجماعتی غیرت ومحبت کے ساتھ شریک ہوکر امن وانسانیت اور قومی یکجہتی اوربقائے باہم کے اسلامی پیغام کو عام کریں گے۔

 اس وقت ملکی نیزعالمی سطح پرانسانیت کی روح سے متصادم نظریات کے باعث جس طرح کی بیچینی وکشیدگی پائی جارہی ہے اس سے نہ صرف مسلمانان عالم بلکہ ہرذی ہوش وسلیم الطبع شخص فکرمندہے نیزاس کاپائدار حل چاہتاہے۔ان حالات کا تقاضا ہے کہ ہر شخص بحیثیت انسان اپنی بساط بھر اس کے لیے کوشاں رہے نیز مثبت اقدامات کرنے والوں کی آواز میں آواز ملائے۔اسی میں انسانیت نیز ساری کائنات کی بھلائی مضمر ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندجو ملک وملت کے حساس وسلگتے مسائل کے حل کے تئیں ہمیشہ فکرمند رہتی ہے اور ان میں اپنامثبت کردار اداکرنے کی سعی پیہم کرتی ہے، اس کے ذریعہ کانفرنس کاموجودہ عنوان پر انعقاد اسی فکرمندی کانتیجہ ہے۔امیدہے کہ اس کے دوررس اثرات مرتب وپائدار نتائج برآمد ہوں گے۔واضح ہوکہ اس سے قبل مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند انسانیت کے مسائل کاحل،وسطیت واعتدال،اسلاف وائمہ کی قدردانی،جیسے قابل قدرعناوین پرمتعدد کانفرنسیں منعقد کرکے عوام وخواص سے خراج تحسین حاصل کرچکی ہے۔

ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندمولانامحمدہارون سنابلی نے بتایا کہ مذکورہ خیالات کا اظہار امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے گذشتہ کل جمعیت کے دفترمیں منعقد ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ناظم عمومی نے مزید بتایاکہ کانفرنس کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اورذمہ داران، ارکان، وابستگان اور کارکنان اس کو کامیاب بنانے کے لیے پوری تندہی سے مصروف کار ہیں۔

جاری کردہ

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند

Spread the love