مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی سعودی عرب کے وزیر برائے دینی امور و دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف آل شیخ سے مکہ مکرمہ میں ملاقات

مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی
سعودی عرب کے وزیر برائے دینی امور و دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف آل شیخ سے مکہ مکرمہ میں ملاقات

۱۶؍اگست ۲۰۲۳ء

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی ان دنوں سعودی عرب کے سفر پر ہیں جہاں آپ نے مکہ مکرمہ میں مورخہ ۱۳ تا۱۴؍اگست ۲۰۲۳ء منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی جو سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ کی سربراہی اور وزارت برائے دینی امور، دعوت و ارشادکے زیر انتظام منعقد ہوا اوراس کانفرنس میں پچاسی ملکوں کے تقریباً ڈیڑھ سو علمائے کرام اور مفتیان عظام شریک ہوئے۔ وطن عزیز ہندوستان سے امیر محترم کے علاوہ جن علمائے کرام نے شرکت کی ان میں ڈاکٹر عبداللطیف کندی ، مولانا عبدالسلام سلفی، مولانا اسعد اعظمی، جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی، مولانا محمد رحمانی اور مولانا عبدالمجید الصلاحی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ یہ کانفرنس تاریخی کامیابیوں سے ہمکنار ہوئی اس میں اتحاد واتفاق کو فروغ دینے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کا عزم کیا۔ عزت مآب وزیر اسلامی امور سعودی عرب شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کانفرنس کے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ کانفرنس مشاورت کے عظیم اسلامی تصور کی آئینہ دار ہے۔ مملکت سعودی عرب انصاف ، رحم دلی، میانہ روی ، اعتدال پسندی اور اسلام کے شفاف پیغام کی علمبردار ہے۔ یہ کانفر نس اعتدال و وسطیت کو فروغ دینے کے لیے مملکت سعودی عرب کی ان مبارک کوششوں کا تسلسل ہے جس کے لیے وہ یوم اول سے کوشاں ہے۔ اوراس کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا فروغ ، دہشت گردی کا خاتمہ اور انتہاء پسندی سے نمٹنے کے لیے مملکت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔امیر محترم اور کانفرنس کے دیگر شرکاء نے مملکت سعودی عرب کی اعتدال و وسطیت کو فروغ دینے کی مساعی کو سراہتے ہوئے اس کانفرنس کے مقام مکہ مکرمہ و موضوع کے انتخاب ، حسن انتظام اور کامیاب انعقاد پر مملکت سعودی عرب کے فرماں رواشاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود، وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ، وکیل الوزارہ اور مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔اور کانفرنس کے اخیر میں بیانیہ اور اختتامیہ بھی سامنے آیا جس میں اعتدال ووسطیت، امن وشانتی، انسانی بھائی چارہ ، اہل مذاہب کے مابین رواداری، بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے اور قرآن وسنت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا گیا ، انتہا پسندانہ نظریات اور معاشروں کو الحاد و تطرف سے بچانے کی تلقین کی گئی اور دنیا بھر میں مذہبی امور اور فتویٰ کے شعبوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کا بطور خاص ذکر کیا گیا۔


مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سفر میں امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے سعودی عرب کے وزیر برائے دینی امورو دعوت و ارشادعزت مآب شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ حفظہ اللہ وتولاہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس اہم ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر آیا۔ معالی الشیخ عبداللطیف عبدالعزیز آل شیخ حفظہ اللہ نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی ہمہ جہت سرگرمیوں کے بارے میں جان کر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا اور ہندوستانی مسلمانوں خصوصاً اہل حدیثوں سے اپنے لگاؤ اور الفت کا تذکرہ فرمایا۔
اس موقع پر وزیر برائے دینی امور، دعوت و ارشاد عزت مآب شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کو قرآن کریم کاآب زر سے لکھا ہوا ایک بیش قیمتی نسخہ تحفتاً پیش کیا، ان کی خوب عزت افزائی فرمائی اور آپ کی دینی و ملی خدمات کو سراہا۔
پریس ریلیز کے مطابق اس سفرمیںامیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع رکن سپریم علماء کونسل ، امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس، شیخ سلیمان الرحیلی، شیخ صالح السحیمی وغیرہم قابل ذکر ہیں۔

Spread the love