پریس ریلیز

سری لنکا کے کلیساﺅں اور پانچ ستارہ ہوٹلوں میں ہوئے

سلسلہ وار دہشت گرادانہ حملے افسوسناک و قابل مذمت مولانااصغر علی امام مہدی سلفی

2019 نئی دہلی: ۲۲اپریل

 مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان کے مطابق مر کزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے گذشتہ کل سری لنکامیں عیسائیوں کے تیوہار ایسٹر کے موقع پر مختلف شہروں کے کلیساﺅں اور پانچ ستارہ ہوٹلوں میں ہوئے سلسلہ وار دہشت گردانہ حملے جن میں تین ہندوستانی شہری سمیت تقریبا دوسو پندرہ افراد ہلاک اور پانچ سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے، کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور انہیں انسانیت کے خلاف بزدلانہ،وحشیانہ، گھناونا اور انتہائی افسوسناک کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہشت گردی کو کسی مذہب یا عقیدہ سے جوڑنا بھی قرین عدل وانصاف نہیں ہے۔

امیر محترم نے فرمایا کہ یوں تو دہشت گردانہ کارروائیاں بہر حال مذموم و مردود ہیں لیکن ان کی شناعت و قباحت اور خطرناکی اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب اسے تیوہاروں کے مواقع پر اور عبادت گاہوں میں انجام دیا جائے۔

امیر محترم نے اپنے اخباری بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان انسانیت سوز اور بزدلانہ و بدبختانہ حرکتوں کے سد باب کے لیے موثر پالیسی مرتب کرے اور ذاتی مفادات سے اوپر اٹھ کر ایماندارانہ سوچ کے تحت مذہب، رنگ و نسل کے بھید بھاو کے بغیر دہشت گردی کے عفریت کا سر کچلنے کا انتظام کرے تاکہ انسانیت روز مرزہ کی اس روح فرسا مصیبت سے نجات پاسکے اور عالمی سطح پر پرامن شہریوں کی جان ومال محفوظ رہ سکیں۔ امیر محترم نے اپنی پریس ریلیز میں معصوم جانوں کے اتلاف پر شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور مہلوکین کے پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

Spread the love