مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام انیسواں آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیر قرآن کریم ملتوی کورونا کی وبا پر قابو پانے اور اس سے بچاﺅ کے لیے حکومتی وطبی اور شرعی ہدایات پرعمل پیرا ہوں/ اصغر علی امام مہدی سلفی

(پریس ریلیز)

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام

انیسواں آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیر قرآن کریم ملتوی

کورونا کی وبا پر قابو پانے اور اس سے بچاﺅ کے لیے حکومتی وطبی اور شرعی ہدایات پرعمل پیرا ہوں/ اصغر علی امام مہدی سلفی

دہلی :15 جنوری2022 ء

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام انیسواں آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیر قرآن کریم جس کے مورخہ 5-6 فروری 2022 ء کو اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا نئی دہلی میں منعقد ہونے کا اعلان جریدہ ترجمان،قومی اخبارات اور دیگر ذرائع سے کیا گیا تھا، اسے ملک میں کورونا اوراومیکرون وباکی تشویش ناک صورت حال اور حکومتوں کی ہدایات کے پیش نظر تا اعلان ثانی افسوس کے ساتھ موخر کیا جاتا ہے۔ موقر ذمہ داران جمعیات ومدارس اور طلبہ عزیز براہ کرم اسے نوٹ کرلیں اوراپنے حلقہ احباب میں اس کا اعلان فرمادیں۔اس مناسبت سے مرکزی جمعیت کی مجوزہ میٹنگ بھی نہیں ہوسکے گی۔جن جمعیات اور مدارس اسلامیہ کے نمائندگان نے مسابقہ میں شرکت کے لیے عزم کر لیا تھا اور ٹکٹ بنوا لیا تھا اور مرکز کو اس کی اطلاع بھی دے دی تھی ان سے معذرت کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ گوکہ ہم اس خیر سے سردست محروم ہورہے ہیں لیکن ان شاءاللہ اس کے اجروثواب سے محروم نہیں ہوں گے۔ حالات درست اور سازگار ہوتے ہی مسابقہ کی نئی تاریخ کااعلان کردیا جائے گا۔

پریس ریلیزکے مطابق اس مناسبت سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے عوام وخواص سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی وبا پر قابو پانے اور اس سے بچاﺅ کے لیے تمام حکومتی وطبی ہدایات مثلا؛ماسک لگانا،مطلوبہ دوری کا لحاظ رکھنا،صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا، اجتماعات اور بھیڑ بھاڑ کی جگہوں سے بچنا، گھر سے ضرورت کے تحت ہی نکلنا وغیرہ پرعمل پیرا ہوں۔ نیز اس مشکل حالت کو بھی مفید بناتے ہوئے تقریبات شادی وغیرہ کو سادگی اور اختصار کے ساتھ انجام دیں۔مساجد ومنادر ،دیگر عبادت گاہوں ،مدارس وجامعات اور بھیڑ کی جگہوں میں بطور خاص متعلقہ ہدایات واصول کے پابند رہیں۔ غرباءومساکین اور مدارس ومکاتب کی مددکریں۔جن باتوں کی شریعت میں بھی بڑی تاکید آئی ہے اور جن کی طرف جمعیات اور حکومتوں نے بارہا رہنمائی کی ہے۔ ان احتیاطات کے ساتھ بارگاہ الہی میں آہ وزاری کریں،اپنے گناہوں سے توبہ واستغفار کریں اور دعاکریں کہ اللہ تعالی ملک وملت اور انسانیت کو اس وبا سے جلد از جلد نجات دے اور ہم سب کی حفاظت فرمائے۔اللہ تعالی آپ سب کا حامی وناصر ہو۔آمین

جاری کردہ

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند

Spread the love