(پریس ریلیز)

اڈیشہ کے بالاسورمیں ہوئے دلدوزٹرین حادثہ پر

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کا اظہا ررنج وغم

دہلی جون: ۳؍جون ۲۰۲۳ء

 مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے ایک اخباری بیان میں گزشتہ شام اڈیشہ کے شہربالاسورمیں ہونے والے دلدوز ٹرین حادثہ پر جس میں بیک وقت تین ٹرینیں حادثہ کی شکار ہوئیں ہیں اورمختلف ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریبا دو سو اسی قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں اورنوسو افراد زخمی ہوئے ہیں اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اندوہناک حادثہ ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا بھاری نقصان ہواہے اور بہت سے بھائی زخموں اورتکلیفوں سے کراہ رہے ہیں۔ اس درد و الم کی گھڑی میں ہم تمام پسماندگان ومتاثرین کے ساتھ ہیں اور ان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں نیز بلا تفریق مذہب وملت ان کے لیے ہر طرح کے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔ ہم اپنے منہج وعقیدہ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اتنے بڑے المناک حادثے پر اظہار غم و افسوس کرتے ہوئے متاثرین کے تعاون کو ہر سطح پر ضروری سمجھتے ہیں اور حکومت و عوام سے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کی بلاتفریق امداد کی اپیل اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

امیرمحترم نے اپنی پریس ریلیز میں مزید کہا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ حادثہ کاسبب بننے والی لاپرواہیوں اور ان کے اصل ذمہ داروں کا پتہ لگائے اورانہیں قرار واقعی سزادے، تاکہ اس طرح کے دلدوز حادثات سے بچا جاسکے۔

 

Spread the love