کاسکنج فسادپر اظہار افسوس اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنائے رکھنے کی اپیل

دہلی، یکم فروری ۲۰۱۸ء
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے امیرمولانااصغرعلی امام مہدی سلفی کی ایک پریس ریلیز میں گذشتہ دنوں اترپردیش کے شہر کاسگنج میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد پرشدید تشویش اور اس کے نتیجہ میں ہوئے جانی و مالی اتلاف پر شدید رنج و غم کا اظہار کیاگیاہے۔نیز کہا گیاہے کہ یہ ملک دشمن عناصر کی منصوبہ بند سازش کے تحت وطن عزیزکی بھائے چارے کی فضا کو مکدر کرنے کی ایک اور گھناؤنی کوشش ہے جس سے برادران وطن کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔
پریس ریلیز میں کہاگیاہے کہ بعض ملک دشمن عناصر، اہل وطن کے درمیان نفرت کی فضا پیداکرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کوبربادکرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ لاپرواہی برتنے والے لوگوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے اور اس افسوسناک واقعہ کی غیرجانبدارانہ انکوائری کرائے نیز بغیرکسی جانبداری کے امن وآشتی کو بگاڑنے والے لوگوں کے خلاف مناسب کارروائی کرتے ہوئے جوابدہی طے کرے تاکہ کسی بھی فرقہ پر ظلم وزیادتی نہ ہونے پائے۔انہوں نے تمام باشندگان وطن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی ہماری پہچان ہے، اس پہچان کو باقی رکھنے کے لیے ہم سب کو مشترکہ کوشش کرتے رہناچاہئے تاکہ معاشرہ کے خود غرض عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
پریس ریلیز کے اندر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت نیز متاثرین سے اظہارہمدردی کیا گیاہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیاہے وہ بھائی چارے کی فضا کومکدر کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دے نیز اصل مجرمین کو جلد از جلد گرفتارکرکے قرار واقعی سزادے تاکہ بیمار ذہنیت کا علاج اورانسانی حقوق کا تحفظ ہوسکے۔

Spread the love