تمام دیش واسیوں کو یوم جمہوریہ مبارک ہو مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے المعہد العالی اہل حدیث کمپلیکس ،اوکھلا میں تقریب یوم جمہوری وپرچم کشائی کے موقع پر امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کا قوم و ملت کے نام پیغام

دہلی:۲۷جنوری۲۰۲۰ء

آج پورے دیش بلکہ سارے وشو میں جہاں کہیں بھی ہندوستانی رہتے بستے ہوں یوم جمہوریہ کی مبارک تقریب اور قومی پرب منا یا جارہا ہے۔ یوم جمہوریہ سب کو مبارک ہو۔ آج کا دن یقینا ہم سب کے لیے بہت اہم ، یاد گار اور تاریخی ہے۔ اس دن تمام ہندوستانیوں کو ایک متحدہ قومی لڑی میں پرونے اور پورے دیش کو بلاتفریق تعمیر وترقی کے بام ثریا تک پہنچانے کے لیے بابا بھیم راﺅ امبیڈ کرنے گاندھی جی ، پنڈت جواہر لعل نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد وغیرہ عظیم ہستیوں کی قیادت میں تیار کر کے یہ عظیم آئین ہم سب کودیا تھا۔ جس نے ہم کو اختیارات بھی دیے ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے سمت سفر بھی متعین کیے ہیں اور جس کو کیا ہندو کیا مسلمان، کیا سکھ، کیا عیسائی بلکہ سارے دیش باسی مانتے، تسلیم کرتے اور اُسی کی روشنی میں دیش کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔ موصوف کل یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے المعہدالعالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ فی الدراسات الاسلامیہ میں واقع اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا، نئی دہلی میں منعقد تقریب میں ترنگا پرچم کشائی کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے متحد ہوکر ، جد و جہد کر کے، قربانیاں دے کر اور” ہندو مسلم سکھ عیسائی، آپس میں سب بھائی بھائی“ کا نعرہ لگا کر اور یک جٹ ہوکر استعمار کے پنجے سے اس عظیم بھارت کو آزاد کرایا تھا اسی طرح ہم عزم کریں کہ ہم سب مل کر اس آئین کی حفاظت کریں گے ، اس کی روح کو باقی رکھیں گے ، اس کی روشنی میں آگے بڑھیں گے اور دیش کو ترقی یافتہ ممالک کے صف اول میں لاکھڑا کریں گے۔

امیر محترم نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہر سال مدرسوں، اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ گویا ہم اس طرح سے اپنی اس پیڑھی سے آئندہ نسل تک اس عزم و حوصلہ کو منتقل کرتے ہیں کہ ہم نے جس جد و جہد ، قربانی، حوصلہ ، لگن ، اتحاد واتفاق اور یکجہتی کے ساتھ دیش کو آزاد کرایا تھا اسی طرح ہم آئندہ بھی باہم متفق و متحد رہیں گے۔ ہر طرح کے داخلی و خارجی چیلنجز کو قبول کریں گے ، دیش کو تعمیر وترقی کے عروج پر پہنچائیں گے، دنیا بھر میںدیش کا نام روشن کریں گے، انسانیت کے لیے پورے سنسار میںکام کریں گے اور امن وشانتی کے پیغام کو عام کریں گے۔ یہی یوم جمہوریہ کا اصل پیغام ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق المعہد العالی میں گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی تقریب یوم جمہوریہ کے انعقاد کا اہتمام ہوا جس میں پرچم کشائی کے بعد دیش گان گایا اور ترانہ ہندی گنگنایا گیا اور حاضرین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس تقریب میں المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ کے اساتذہ و طلبہ ، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے کارکنان ، صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی کے بعض ذمہ داران و دیگر حضرات شریک ہوئے ان میں مفتی جمیل احمد مدنی، ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی، مولانا محمد اشفاق ریاضی، انجینئر قمر الزماں ، ڈاکٹر عبدالواسع تیمی، مولانا جمیل اختر سلفی وغیرہ قابل ذکرہیں۔

Spread the love