(پریس ریلیز)

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیراہتمام

انیسواں آل انڈیا مسابقہ حفظ و تجوید وتفسیر قرآن کریم کا انعقاد 5-6 فروری کو دہلی میں

رجسٹریشن جاری

دہلی : 21دسمبر 2021ء

 مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام حسب سابق امسال بھی ”انیسواں کل ہند مسابقہ حفظ وتجوید وتفسیر قرآن کریم“ بتاریخ 5-6/فروری 2022 ء ، مطابق3-4 /رجب1443ھ بروز ہفتہ، اتواربمقام اہل حدیث کمپلیکس، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا نئی دہلی نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہورہاہے، جس میں ملک کے طول عرض سے سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ مدارس دینیہ و عصریہ شریک ہوں گے۔ یہ جانکاری مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میں دی۔

امیر محترم نے کہا کہ قرآن مجیداللہ رب العزت کا نازل کردہ آخری پیغام امن وسعادت ہے جس میں ساری انسانیت کے سارے مسائل کا حل اورفلاح و بہبود کاراز مضمر ہے۔ قرآن مجید کا یہ بڑا اعجا ز ہے کہ اس سے ادنیٰ نسبت سے بھی انسان ذرہ سے آفتاب بن جاتا ہے۔اس کے لانے والے جبرئیل امین،مقام نزول ام القری ، جن کے اوپر یہ نازل ہوا وہ رحمة للعالمین اور اس کے حاملین خیر امت قرار پائے۔آج دنیائے انسانیت کو اس کی سخت ضرورت ہے،پھر بھی لاعلمی کی وجہ سے کچھ لوگ اس پر معترض ہیں ۔ایسے میں قرآن کریم سے ہمارا رشتہ ہمہ جہت مضبوط سے مضبوط تر ہونا چاہیے۔

مولانا نے مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم کے انعقاد کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ہر سال آل انڈیا مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم بڑے تزک واحتشام کے ساتھ منعقد کرتی ہے تاکہ مسلمانوں کے اندر قرآن کریم کی تلاوت، تجوید وحفظ اور اس کے معانی وتفسیر پر غور وتدبر کا شوق پیدا ہو، ان کی زندگی قرآنی تعلیمات سے ہم آہنگ ہو اور نئی نسل کے اندر مسابقتی ذوق بےدار ہو۔نیزاللہ کے وہ بندے جو ابھی تک اس کتاب رشدوہدایت سے محروم ہیں ان تک اس کا پیغام امن وسعادت پہنچ جائے۔

پریس ریلیز کے مطابق اس مسابقہ کے کل چھ زمرے ہیں ۔ ہر زمرے میں اول دوم سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نقد انعامات کے علاوہ توصیفی سند اور دیگر ہدایا سے نوازے جائیں گے ۔ اسی طرح مسابقہ کے تمام شرکاءکو توصیفی سند اور ہدیے دئے جائیں گے۔ مسابقہ کی تفصیلات اور فارم مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی و ذیلی دفاتر ، جریدہ ترجمان اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی ویب سائٹwww.ahlehadees.org سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مسابقہ میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

جاری کردہ

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند

Spread the love