سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرحملہ لائق مذمت

سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرحملہ لائق مذمت

دہلی17ستمبر 2019

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیرمحترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہاہے کہ دہشت گردی عصر حاضرکا سب سے بڑا مہلک اورخطرناک ناسور ہے ۔ممالک ، مذاہب اوراقوام سب اس کی زد میں ہیں۔ انسانیت اورخلق خداکا اس سے بھاری نقصان ہے۔ اس لئے ہرانسان کا فرض ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جتنی بھی جدوجہد کرے کم ہے ۔ دوسری خطرناک چیز جس سے انسانیت کا سب سے زیادہ نقصان ہوتاہے وہ جنگ وجدال ہے لہٰذا ہر انسان کا فرض بنتاہے کہ وہ اس کے خلاف آواز اٹھانے اور اس کے ٹالنے کے لئے جو بھی وسائل وذرائع ہوسکتے ہوں یا اس سلسلہ میں ہر شخص اپنے تئیں جو کچھ بھی  کردار ادا کرسکتا ہو اسے بروئے کار لائے۔ دنیا کے بااثر ممالک، بین الاقوامی انجمنوں اور شخصیات کوبھی اس میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے اور انسانیت نیز دیگر خلق خدا کوروز روز کی ان مصیبتوں سے نجات دلانی چاہئے۔

سعودی عرب ایک قابل قدر اورلائق فخراسلامی اسٹیٹ ہے جس میں مثالی امن وامان کا بول بالاہے اور اسی وجہ سے انسانیت اوراسلام دشمن طاقتوں کی آنکھوں میں کانٹا بن کر چبھتا رہتاہے۔ اس وقت کچھ اسلام دشمن طاقتیں حوثیوں کواستعمال کررہی ہیں اورخطے کے امن وامان کو تہ وبالاکئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پہلے ملک یمن کے امن وامان کو غارت کیا اور جب ان کی سرکوبی کی کوشش کی گئی تو بعض پڑوسی ممالک کے مادی ومعنوی تعاون سے پورے خطے کے امن وامان کے لئے خطرہ بن گئے۔ وہ کبھی سعودی عرب کے شہروں کو نشانہ بناتے ہیں تو کبھی کعبہ کو نقصان پہنچانے کی اپنی دیرینہ روایت پرعمل پیرا نظر آتے ہیں تووہ کبھی سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بناتے ہیں اورکبھی عام لوگوں کے جان ومال کی ہلاکت وبربادی کے جرم کے مرتکب ہوتے ہیں۔ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر تازہ حملہ اس کی بڑھتی ہوئی ناقابل برداشت شر انگیزی کا بین ثبوت ہے۔اس کی سنگینی کے پیش نظر ساری دنیا اس کی مذمت کررہی ہے۔ یہ ایک قسم کی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حوثیوں ہی نہیں انہیں شہ دینے والوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی ان گھناؤنی حرکتوں سے باز آجائیں اور خطہ میں امن وامان کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ یہ امت مسلمہ ہی نہیں پوری انسانیت کے مفاد میں ہے جس کو اولیت دی جانی چاہئے۔ سعودی حکمراں اورعوام ان تخریبی ودہشت گردانہ حملوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوسکتے بلکہ اپنی دیرینہ جرأت وحکمت سے حالات کا مقابلہ کریں گے اور سرخ رو ہوں گے۔

جاری کردہ

Spread the love