معروف ملی و سماجی شخصیت ایڈوکیٹ احمد خان صاحب کا سانحہ ارتحال

معروف ملی و سماجی شخصیت ایڈوکیٹ احمد خان صاحب کا سانحہ ارتحال

 

نئی دہلی:۳۰مارچ ۲۰۲۰ء

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیرمولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے سابق چیف پبلک پراسیکیوٹر دہلی اور معروف ملی وسماجی اور جماعتی شخصیت ایڈوکیٹ احمد خان صاحب کے انتقال پر گہرے رنج وافسوس کا اظہار کیاہے اور ان کی موت کو ملک وملت اورجماعت کا بڑا خسارہ قرار دیاہے۔

امیر محترم نے کہا کہ ایڈوکیٹ احمد خان صاحب غازی پور اتر پردیش کی مردم خیز بستی بارا کے ایک معروف ومعزز دینی علمی اور جماعتی خانوادے کے چشم وچراغ اوربڑے خلیق وملنسار،صوم وصلوة کے پابند،تہجد گزار،حقیقی معنوں میں نیک وصالح، شریف و متواضع، منکسر المزاج، ملک وملت اور جمعیت وجماعت کے بے لوث خادم اور ایماندار سپاہی تھے۔آپ جیسے ملکی قانون کے ماہر ،اس کی پاسداری کرنے والے اور دین وایمان اور بہترین اخلاق کا نمونہ بہت کم نظر آتے ہیں۔ آپ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے کاز اور پروگراموں سے بڑی دلچسپی رکھتے تھے، اس کے کاموں کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے تھے اور ملی و سماجی مسائل کو حل کرنے میںبھی پیش پیش رہتے تھے۔جمعیت کے ذمہ داران سے بڑی محبت کرتے تھے۔مرکزی جمعیت کے پروگراموں خصوصاً دورات تدریبیہ برائے ائمہ، دعاة ومعلمین میں بڑے اہتمام سے شرکت کرتے اور قانونی موضوعات پر قیمتی محاضرہ دیتے تھے، ان علماءودعاة کو ملکی قانون سے کما حقہ آگاہ کرنے کے ساتھ ان کو قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے، تعمیر ملک وملت میں حصہ لینے اور بہترین شہری بننے کی تلقین کرتے تھے۔ مرکزی جمعیت کی اہم کانفرنسوں اور میٹنگوں کی مناسبت سے بھی اپنا ممکنہ کردار ادا کرتے تھے۔ آپ ہمہ وقت ملک وملت اور جماعت کی بھلائی کے لیے سوچتے رہتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ان دنوں ہندوستان کی بعض مشہور جماعتوں پر لگے الزامات اور مقدمات کی پیروی بھی کررہے تھے۔ ایسے نیک انسان اس میدان میں خال خال ہی نظر آتے ہیں۔اللہ بخشے بہت سی خوبیاں تھیں مرنے والے میں۔

پریس ریلیزکے مطابق ایڈوکیٹ احمدخان صاحب آج مورخہ۳۰مارچ کی درمیانی شب کے ایک بج کر ۲۰منٹ پر مختصرعلالت کے بعد دہلی کے بترا ہاسپیٹل میں بعمر۷۰ سال داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ ان کے جنازے کی نماز آج بعد نماز ظہر ڈھائی بجے اوکھلا نئی دہلی کے شاہین باغ قبرستان میں ادا کی گئی اور وہیں تدفین عمل میں آئی۔جس میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد وشخصیات نے شرکت کی۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے نماز جنازہ کی امامت فرمائی۔ پسماندگان میں اہلیہ محترمہ،دوصاحب زادے ایڈوکیٹ فہیم خان دہلی ہائی کورٹ، انجنیئر وسیم خان کینیڈا اور دو صاحب زادیاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے،ملکی وملی اور جماعتی خدمات کو قبول فرمائے، بشری کوتاہیوں سے در درگزر کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، پسماندگان کو صبر وسلوان کی توفیق بخشے اور جمعیت وجماعت اور ملک و ملت کو ان کا نعم البدل عطافرمائے۔آمین

پریس ریلیزکے مطابق ایڈوکیٹ احمد خان صاحب کے انتقال پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے دیگر ذمہ داران وکارکنان نے بھی گہرے رنج وافسوس کااظہار کیا ہے اور وہ ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا گوہیں۔

Spread the love