منی پورمیں قبائلی خواتین کی برہنہ پریڈ نے پورے ملک کو شرمسارکیا

منی پورمیں قبائلی خواتین کی برہنہ پریڈ نے پورے ملک کو شرمسارکیا

دہلی،21/جولائی 2023ء

 مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنی ایک  پریس ریلیزمیں منی پورمیں قبائلی خواتین کی برہنہ پریڈ کی سخت الفاظ میں مذمت کی  اور اسے قوم کو شرمسار کرنے والا، حیا سوزاورانسانیت دشمن واقعہ قراردیانیزمنی پور میں امن وقانون کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مرکزی اورصوبائی حکومتوں سے جلد حالات پر قابوپانے کے لیے اپیل کی۔

امیرجمعیت نے اپنے اخباری بیان میں مزیدکہاکہ اتنے لمبے عرصے تک اتنے گھناؤنے اورحیاسوز واقعے کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونااپنے آپ میں بذات خود بہت افسوس ناک ہے۔ اس شرمناک واقعہ نے قوم کے ضمیرکو جھنجوڑ کر رکھ دیاہے۔سوشل میڈیاپر وائرل ہونے والی تصاویر اورویڈیوز دل دہلادینے والی ہیں جن کے بارے میں سوچ کرہی کلیجہ منہ کو آتاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے اورحیوانیت کا ننگاناچ ناچنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی اورعبرتناک سزا کااہتمام کیاجاناچاہیے تاکہ مستقبل میں کسی کو بھی اس طرح کی حیوانیت کاننگاناچ ناچنے کی جرأت نہ ہوسکے ساتھ ہی امن وقانون کی بحالی میں غفلت برتنے والوں کو بھی قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے۔میتئی اورکوکی دونوں فرقوں کے لوگوں کو ہوش کے ناخون لینے چاہیے۔حکومت کو اس گھناؤنے کھیل اور ظلم وفسادسے روکنا چاہیے اورامن وامان کو بحال رکھنا حکومت اور انتظامیہ کا فر ض ہے۔

پریس ریلیز میں امیر محترم نے عوام و خواص کو کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے بچنے اورامن وقانون کی صورت حال برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے نیز اخوت و بھائی چارگی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Spread the love