کرونا وائرس کے پیش نظر مملکت سعودی عرب کا فیصلہ مستحسن اور حکیمانہ ہے:اصغر علی امام مہدی سلفی

پریس ریلیز

کرونا وائرس کے پیش نظر مملکت سعودی عرب کا فیصلہ مستحسن اور حکیمانہ ہے:اصغر علی امام مہدی سلفی

دہلی: ۲۸فروری۰ ۲۰۲ء

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان میںمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ نے کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے پیش نظر اور عالمی صحت تنظیم کے رہنما اصولوں اور قائم کردہ معیارات کے تحت مملکت سعودی عرب کے ذریعہ عمرہ زائرین اور سیاحوں کے مملکت سعودی عرب میں داخلے پر لگائی گئی وقتی پابندی کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے مملکت ِ سعودی عرب کا بروقت لیا گیا موفق و مستحسن فیصلہ قرار دیا ہے۔

امیر محترم نے کہا کہ کرونا وائرس نے آج کی ترقی یافتہ دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ اس کے جراثیم کے پھیلاﺅ کی وجہ سے ہر ملک اور ہر شخص فکر مند ہے اور ہر ملک میں اس سے تحفظ و بچاﺅاور اس کے انسداد کی مختلف تدابیر ہورہی ہیں۔ مملکت سعودی عرب نے بھی اپنے شہریوں خصوصا پوری دنیا سے آنے والے حجاج و معتمرین اور زائرین کے تحفظ اور بچاﺅ کے لیے بروقت حکیمانہ قدم اٹھایا ہے اور احتیاطی تدبیر کی ہے اور اس کا یہ شیوہ بھی رہا ہے کہ وہ اپنی وسعت اور امکانی حد تک ان کی راحت و آرام اور صحت و اطمینان کے لیے کوششیں صرف کرتی ہے۔ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک وبلدان خصوصا چین جو اس وبا کے پیدا ہونے کی پہلی سرزمین ثابت ہوئی ہے ،یہ وبا مزید ملکوںمیں نہ پھیلے اس کی تدبیر اپنی سطح پر کرنے میں منہمک ہیں۔ جس کی شریعت مطہرہ میں مضبوط بنیاد موجود ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جب کسی ملک میں طاعون پھیلنے کی خبر سنو تو تم وہاں مت جاﺅ اور نہ طاعون زدہ ملک سے جان بچانے کے لیے بھاگو (مبادا تم اس بیماری کے جراثیم کو اپنے ساتھ لے جاکر دوسری جگہوں تک پھیلادو) ۔ (بخاری)

امیر محترم نے اس موقع پر مسلمانان عالم خصوصا جراثیم زدہ ملکوں سے آنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کچھ دنوں تک صبر سے کام لیں۔ مملکت سعودی عرب کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے سردست عمرہ و زیارت کا پروگرام نہ بنائیں تا آنکہ کرونا وائرس کے خدشات ختم ہوجائیںاور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ وانابت کے ساتھ ساتھ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مملکت سعودی عرب اور وطن عزیز سمیت ساری دنیا کو اس طرح کی وباﺅں اور ہر طرح کی ابتلاﺅں اور آزمائشوں سے محفوظ رکھے۔ آمین

جاری کردہ

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند

Spread the love