ائمہ ، دعاۃ و معلمین ملک ومعاشرہ میں اتحاد و یک جہتی ، امن وانصاف اور انسانی بھائی چارہ کے علمبردار ہیں؍مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کے افتتاحی اجلاس میں علماء و دانشوران کا خطاب

ائمہ ، دعاۃ و معلمین ملک ومعاشرہ میں اتحاد و یک جہتی ، امن وانصاف اور انسانی بھائی چارہ کے علمبردار ہیں؍مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کے افتتاحی اجلاس میں
علماء و دانشوران کا خطاب

دہلی:17؍ستمبر2024ء
بنی آدم ایک جسم کے اعضاء کی طرح ہیں۔ ان کے درمیان علاقائی، مذہبی اورلسانی بنیادوں پر تفریق درست نہیں ہے۔ ملی اتحاد، مسلکی اعتدال، اسلامی وسطیت و میانہ روی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و انصاف کا فروغ ائمہ ،دعاۃ و معلمین کا فریضہ اور وظیفہ ہے۔ یہ ائمہ و معلمین اور مصلحین کتاب وسنت اور منہج سلف کی روشنی میں ملک و معاشرہ میں انہی قدروں کو پروان چڑھاتے ہیں ،دوسروں کو زیور تعلیم وتربیت سے مزین کرنے کے لیے شب و روز مساعی صرف کرنے کے ساتھ وہ اپنی اصلاح ، تعلیم وتربیت اور تزکیہ کے لیے ہمہ وقت فکر مند رہتے ہیںاور یہ بایں ہمہ علم وفضل کے تدریب وٹریننگ اور ریفریشر کورس میں والہانہ اور بصد ذوق و شوق شریک ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے کیا۔ موصوف آج مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام چودہواں آل اندیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کے افتتاحی اجلاس منعقدہ اہل حدیث کمپلیکس ، اوکھلا، نئی دہلی میں شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔
امیر محترم نے کہا کہ آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنے نفس کے بجائے اوروں کا محاسبہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے اصلاح کی جگہ فتنہ و فساد رونما ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شریعت میں احتساب نفس پر زور دیاگیا ہے۔ امیر محترم نے اپنے خطاب میں دورہ تدریبیہ میں پورے ملک سے آئے ہوئے ائمہ ودعاۃ و معلمین اور ان کو دورہ کے لیے نامزد کرنے والی صوبائی جمعیات اہل حدیث کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ حضرات کا اپنے گھر میں خیر مقدم ہے۔ امیر محترم نے اس موقع پر تمام ذمہ داران جمعیت و دیگر معززین کا بھی شکریہ ادا کیا ۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی نے افتتاحی خطاب میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کی جمعیت کے کاز کے تئیں شبانہ روز مساعی اور ایثار و قربانی کا تذکرہ کرتے ہوئے اس دورہ تدریبیہ کو ان کی جہود مخلصہ اور پیہم فکرمندیوں کا ایک ادنیٰ مظہر قرار دیا اور کہا کہ دعاۃ و معلمین کو مطلوبہ صفات واخلاق سے آراستہ ہونا چاہئے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سرپرست اور جامعہ ابو ہریرہ الاسلامیہ لال گوپال گنج کے مؤسس و رئیس اور عالم اسلام کی معتبر علمی و تحقیقی شخصیت ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبد الجبار فریوائی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کو دورہ تدریبیہ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ دعوت واصلاح کے کاموں میں استقامت ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگراموں سے نہ صرف سیکھنے کا بلکہ ایک دوسرے کے تجربات اور ایک دوسروں کے احوال و ضروریات کو جاننے کا بھی موقع ملتا ہے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز نے اپنے کلمات تشکر میں تمام ذمہ داران، معززین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی متنوع دینی ، دعوتی، تعلیمی، علمی، تحقیقی، قومی ، ملی، رفاہی اور انسانی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ سب امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی کی مبارک کوششوں اور مسلسل فکرمندیوں کا ثمرہ ہیں اور یہ دورہ تدریبیہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔


مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نائب ناظم حافظ محمد یوسف نے دورہ تدریبیہ کی اہمیت وضرورت بیان کرتے ہوئے کہا کہ علماء وائمہ اپنی شخصیت کی تعمیرو تشکیل پر دھیان دیں اور پریشانیوں سے بد دل نہ ہوں۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے شعبہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمدنے دورہ تدریبیہ کو وقت کی بڑی ضرورت قرار دیتے ہوئے ذمہ داران خصوصا امیر محترم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ علماء احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ علماء قوم وملت کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وہ خود کو زمانے کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے جنرل سکریٹری سید تحسین احمد نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مختلف محاذوں پر جو کام کررہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اہل حدیث علماء مختلف تنظیموں میں جس طرح حکیمانہ انداز میں مل جل کر کام کررہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ اس دورہ کے انعقاد پر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی صاحب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے مفتی مولانا جمیل احمد مدنی صاحب نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند خصوصا موجودہ قیادت کو دورہ تدریبیہ اور وقتا فوقتا دیگر پروگراموں کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ علماء حکمت کے ساتھ اصلاح و تربیت کا فریضہ انجام دیں۔
ماہنامہ اصلاح سماج کے ایڈیٹر حافظ محمد طاہر سلفی نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کا اس دورہ تدریبیہ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کی قیادت میں جمعیت نے مختلف دعوتی و تربیتی اور رفاہی میدانوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔
صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی کے امیر مولانا عبدالستار سلفی نے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی ودیگر ذمہ داران کو دورے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلب علم مشقتوں سے عبارت ہے۔
المعہد العالی کے استاذ مولانا عزیز احمد مدنی نے دورہ تدریبیہ کی اہمیت و ضرورت اور معنویت بیان کرتے ہوئے کہا کہ علماء کو اسلام کی صحیح دعوت مناسب اسلوب میں پیش کرنی چاہئے۔
دورہ تدریبیہ کے کنوینر اور ناظم اجلاس ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی نے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور دورہ تدریبیہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے ملک میں سب سے پہلے باضابطہ دورہ تدریبیہ برائے ائمہ ، دعاۃ و معلمین کے سلسلہ کا آغاز کیا۔ اس چودھویں دورے میں بھی پورے ملک سے ائمہ دعاۃ و معلمین شریک ہیں۔جس میں معاشرے کی اصلاح کے ساتھ ساتھ نونہالان قوم کو صالح بنیادوں پر پروان چڑھانے کی اہمیت و ضرورت جیسے موضوعات کے ساتھ ساتھ آلودگی سے تحفظ اور شجرکاری ، پانی کا تحفظ خدمت خلق کیوں اور کیسے؟ ، ملکی قوانین اور ائمہ و دعاۃ کی ذمہ داریاں، مسلم معاشرہ اور میڈیا، ادب و معاشرہ اور امن وشانتی کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے میں ائمہ مدارس کے کردار وغیرہ موضوعات پر بھی محاضرے ہوں گے۔
پروگرام کا آغاز مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام چل رہے اعلیٰ تعلیمی وتربیتی ادارہ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ کے طالب علم عدنان احمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس اجلاس میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے سکریٹری انجینئر شمس الضحیٰ، انجینئر قمر الزماں، ایاز تقی اور ڈاکٹر عبدالواسع تیمی استاذ المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ وغیرہ اہم شخصیات بھی شریک تھیں ۔ پریس ریلیز کے مطابق یہ دورہ مورخہ 24؍ ستمبر 2024ء کی شام تک جاری رہے گا۔ ان شاء اللہ

Spread the love