مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کا اختتامی اجلاس آج 24؍ ستمبر کو بعد نماز مغرب

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام
چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کا اختتامی اجلاس آج 24؍ ستمبر کو بعد نماز مغرب

نئی دہلی:23؍ستمبر2024ء

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ایک ہفتہ سے جاری چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کا اختتامی پروگرام آج مورخہ 24؍ستمبر 2024ء، بروز اتوارکو بعد نماز مغرب بمقام اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا، نئی دہلی منعقد ہوگا جس میں معزز علمائے کرام،مقتدر اراکین مجلس عاملہ، موقر ذمہ داران ملی تنظیمات و دانشوران عظام کے ہاتھوں شرکائے دورہ کو توصیفی اسناد سے نوازا جائے گا۔واضح رہے کہ چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کا حسنِ آغازمورخہ17؍ستمبر2024ء کی صبح کو بڑے تزک و احتشام کے ساتھ ہوا تھاجس میں تقریباً ملک کے ہر صوبے سے ائمہ، دعاۃ و معلمین شریک ہیں اور اس ریفریشر کورس میں بہت سے نامور علمائے کرام، پروفیسران اور دانشوران عظام و وکلاء کے متعدد مفید عناوین پر اپنے محاضرات ہوئے۔
پریس ریلیز کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین پورے انہماک سے منعقد کرتی رہی ہے جس میں پورے ہندوستان سے داعیان شرکت کرتے ہیں اور بڑے بڑے علمائے کرام اور دانشوران کے قیمتی محاضرات اور تجربات سے استفادہ کرکے ملک و ملت اور انسانیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس آٹھ روزہ ریفریشر کورس میں جن اہم موضوعات پر محاضرے ہوئے ان میں علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت نبوی کا مطالعہ کیوں اور کیسے؟ تدریس کا جدید اسلوب،تکثیری معاشرہ میں داعی کا کردار، داعی کے اوصاف، خارجیت کے مظاہر، دہشت گردی کے خاتمہ میں ائمہ و معلمین کا کردار، امن و شانتی کے قیام میں ائمہ و معلمین کا کردار، آلودگی سے تحفظ اور شجر کاری، پانی کا تحفظ وقت کی ضرورت، ادب اور معاشرہ، میڈیا اور مسلم معاشرہ، اخوت و رواداری کے قیام میں ائمہ و معلمین کا کردار قابل ذکر ہیں۔

Spread the love