مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اختتام پذیر، ملکی وملی مسائل سے متعلق اہم فیصلے 35ویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس مارچ 2024میں منعقد ہوگی

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اختتام پذیر، ملکی وملی مسائل سے متعلق اہم فیصلے 35ویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس مارچ 2024میں منعقد ہوگی

دہلی۔24؍ستمبر2024ء
آج اہل حدیث کمپلیکس،اوکھلا،نئی دہلی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس امیرمحترم مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک کے بیشتر صوبوں سے آئے معززاراکین عاملہ ، صوبائی ذمہ داران اور مدعوئین خصوصی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
امیرمحترم نے اجلاس میں خیر مقدمی کلمات کے بعدجامع ترین تذکیری وتوجیہی خطاب فرمایا اور عقیدہ ٔ توحیدکی اصلاح،اتباع کتاب وسنت ، تقویٰ و طہارت، اتحاد ویکجہتی ،اخوت و بھائی چارہ، حسن اخلاق، اعتدال و وسطیت پرزوردیا۔علاوہ ازیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسان دوستی نیز اسلام کی بیش بہا انسانیت نوازوروشن تعلیمات سے برادران وطن کوروشناس کرانے کی ضرورت پر بطور خاص زور دیا ۔مزید برآ ںہر طرح کی دہشت گردی ، بد امنی ومذہبی منافرت اوراشتعال انگیزی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور پوری ایمانی قوت ، صبر و ضبط، ہمت وحوصلہ ،حکمت ودانائی کے ساتھ خیر امت کا فریضہ ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانامحمد ہارون سنابلی نے مرکزی جمعیت کی کار کردگی رپورٹ پیش کی جس کی شرکاء اجلاس نے توثیق کی۔ اس کے بعدناظم مالیات الحاج وکیل پرویز نے جمعیت کے حسابات پیش کیے جس پر ہائوس نے اطمینان و اعتماد کا اظہار کیا۔ میٹنگ میںجمعیت کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیااور مستقبل میں دعوتی،تعلیمی، تنظیمی ،تعمیراتی اوررفاہی منصوبوں اورانسانی خدمات کومہمیزدینے پر غور کیا گیا۔علاوہ ازیں جمعیت کے مالی استحکام بالخصوص اہل حدیث منزل اور اہل حدیث کمپلیکس میں زیر تعمیر کثیرالمقاصدعمارتوں کے لئے ملکی سطح پر اہل خیر حضرات کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنے کی اپیل کی گئی۔موقر مجلس عاملہ کے اس اجلاس میں اوائل مارچ 2024ء میں پینتیسویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔


مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کے اس اجلاس کی قرارداد میں عقیدۂ توحید اور اسلام کی خوبیوں اور محاسن کواجاگر کرنے ، اسلام اورمسلمانوں کی بابت پھیلی ہوئی غلط فہمیوںکے ازالہ اور باہمی روابط کو استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاہے۔ علاوہ ازیں منی پورمیں قبائلی خواتین کو برہنہ گھمانے کو انتہائی شرمناک اورمجرموں کے خلاف کڑی کارروائی کی اپیل اور چندریان ۔3کی چاند پرکامیاب لینڈنگ پر متعلقہ سائنسدانوں اور پوری قوم کو تہ دل سے مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ امن وشانتی کے قیام ، قومی یکجہتی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
مجلس عاملہ کی قرار دادمیں ملک اور بیرون ملک ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک خاص کمیونٹی سے وابستہ کرنے کو غیرمنصفانہ قرار دیا گیاہے۔ اسی طرح ملک کی مختلف جیلوں میں بند نوجوانوں کے مقدمات کو جلدازجلد نمٹانے اور فاضل عدالتوں سے باعزت بری ہونے والے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے اپیل اورملک میں دن بدن بڑھتی مہنگائی، خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، کالابازاری پر قابو پانے کی اپیل کی گئی ہے۔ قرار داد میںیہ بھی کہا گیا ہے کہ شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء، انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہیں اس لئے ان پرپابندی لگانے کی حکومتوں سے اپیل کی گئی ہے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کی قرار داد میں مرکزی جمعیت کے زیراہتمام ہونے والے ملکی پیمانے پر چودہواں آل انڈیا ریفریشر کورس برائے ائمہ، دعاۃ و معلمین کے انعقاد کو وقت وحالات کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے اس کی ستائش کی گئی ہے۔
مجلس عاملہ کی قرار داد میں بعض سیاست دانوں کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرنے اور ان کے سماجی وتجارتی بائیکاٹ پر تشویش کا اظہار اور میڈیاسے اپنی صحافتی ذمہ داری ایماندارانہ طریقہ سے نبھانے کی اپیل کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ابھی حال ہی میں جہاں نئی پارلیمنٹ کے افتتاح پر خوشی کا اظہارکیا گیاوہیںاس کے اندر ایک رکن پارلیمنٹ کی طرف سے دوسرے رکن پارلیمنٹ کے خلاف غیرپارلیمانی، غیرمہذب زبان کے استعمال اورسنگین الزام لگانے پر شدید تشویش اورافسوس کا اظہارکیاگیا۔
مجلس عاملہ کی قرارداد میں سویڈن میں قرآن سوزی کے واقعہ کی سخت مذمت اور وہاں کی حکومت کی طرف سے مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کو ممنوع قرار دیتے ہوئے قانون سازی کا خیر مقدم کیا گیاہے ۔ اسی طرح فلسطینی قضیہ کے حل کی ضرورت پر زور اور اسرائیل کی جارحانہ کاروائی کی مذمت کی گئی ہے اور ملک وملت اورجماعت وجمعیت کی اہم شخصیات کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیاہے۔

Spread the love